مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے فیصلوں کا خیر مقدم کیا ہے۔یہ اجلاس (دونوں سربراہی اجلاسوں کی موجودہ صدارت) مملکت سعودی عرب اور ریاست فلسطین کی دعوت پر مدعو کیا گیاتھا، جس میں اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ سے وابستہ ممالک نے شرکت کرکے غزہ ،مغربی کنارے بشمول القدس الشریف میں فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور اس جارحیت اور اس سے پیدا ہونے والی انسانی تباہی کے خلاف اپنے مشترکہ موقف کا اظہار کیا۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے رابطہ اور اس کی اکیڈیمیز،ادارہ جات اور کونسلز کی جانب سے اجلاس کے اس بیان کی حمایت کی ہے جس میں فلسطینی عوام کی آزادی اور آزاد ریاست کے حصول کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے جلد ازجلد بین الاقوامی امن کانفرنس کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کے ذریعے بین الاقوامی قانون،عالمی قانونی قراردادوں اور امن کے لئے زمین کے اصول کی بنیاد پر ایک قابل اعتماد امن عمل کا آغاز کیا جائے جو مقررہ مدت کے اندر اور بین الاقوامی ضمانتوں کے ساتھ ہو جس سے قبضے کا خاتمہ ممکن ہو۔
ڈاکٹر العیسی نے بیان میں مذکور اس باریک بینی کی تائید کی ہے جس میں اسرائیل کی جانب سے انتقامی جنگ کو اپنے دفاع کے طور پر پیش کرنے کی تردید کرتے ہوئے انسانی اقدار پر مبنی اصولی موقف کے طور پر اور بین الاقوامی قانون اور عالمی انسانی قانون کےمطابق شہریوں کو نشانہ بنانے اور ان کے قتل عام کی مذمت کا اعادہ کیا گیا ہے ۔بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنانے اور ان کے قتل عام کو روکنے کے لئے جلد اور فوری اقدامات کرے۔بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ایک زندگی اور دوسری زندگی میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ اور نہ ہی قومیت ،نسل یا مذہب کی بنیاد پر کوئی امتیازی برتاؤ درست ہے۔
آپ نے سربراہی اجلاس کی جانب سے غزہ کے محاصرے کے خاتمے اور امدادی قافلوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دینے کے مطالبے کی بھی تعریف کی۔عالمی قوانین کے اطلاق میں دوہرے معیارات کو مسترد کیا گیا، اور یہ انتباہ کیا گیا کہ یہ دوہرا معیار کثیر الجہتی کاوشوں کی ساکھ کے لئے شدید خطرہ اور انسانی اقدار کے نظام کے اطلاق کے انتخاب کو بے نقاب کرے گا۔
ڈاکٹر العیسی نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود حفظہما اللہ کا اس سربراہی اجلاس کی میزبانی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جو اس مشکل صورت حال میں جس سے فلسطینی عوام دو چار ہیں،مملکت کی انتھک اور اہم کاوشوں کے فریم ورک میں آتاہے اور یہ فلسطینیوں کے حق کی حمایت اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کے لئے مملکت کی مستقل کوششوں کے تناظرمیں سامنے آیا ہے۔
Sunday, 12 November 2023 - 15:27