مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے الشفاء میڈیکل ہسپتال پر اسرائیلی قابض افواج کے دھاوے اور غزہ میں اردن کے فیلڈ ہسپتال کے اطراف میں بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس سلسلے میں سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے جو غزہ کے تنازعے کے فریقین کو بین الاقوامی قانون کے تحت ان کی ذمہ داریوں کا پابند بناتی ہے ۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے رابطہ،اس کی اکیڈمیز،ادارہ جات اور کونسلز کی جانب سے شہریوں،خاص طور پر خواتین اور بچوں کو بچانے کے لئے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے جن کی زندگیوں کو ہر لمحے حقیقی خطرات کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر العیسی نے اپنے بیان کا اختتام اس بات پر زور دیتے ہوئے کیاکہ ہسپتالوں کو نشانہ بنانا ایک سفاکانہ جرم ہے جو تمام مذہبی اور انسانی قوانین اور روایات کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل کی قرارداد درست سمت میں پہلا قدم ہے،تاکہ عالمی برادری بچوں،خواتین،شہریوں اور شہری تنصیبات کے خلاف ہونے والے ان ہولناک جرائم کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں اداکرسکے۔
Thursday, 16 November 2023 - 22:22