وزیر اعظم پاکستان کے دفتر کی شراکت.. اور بین ا لاقوامی،حکومتی اورکمیونٹی تنظیموں کے درمیان تاریخی اتحاد سے
رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے مسلم معاشروں میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے وسیع بین الاقوامی شراکت داری کا آغاز
اسلام آباد:
رابطہ عالم اسلامی نے وزیراعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف کی سرپرستی اور شرکت کے ساتھ، اسلام آباد سے بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے سب سے وسیع بین الاقوامی شراکت داری کا آغاز کیا ہے۔ یہ اقدام بین الاقوامی، حکومتی، سماجی، اسلامی اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان تاریخی اتحاد کے تحت عمل میں لایا جارہاہے۔
یہ اہم اقدام میثاق مکہ مکرمہ کی شق 25 اوراسلامی مکاتب فکر کے درمیان پل قائم کرنے کے چارٹر کی شق نمبر 23 اور 23 کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ان دونوں دستاویزات کے عالمی کانفرنسوں کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود (حفظہ اللہ) کی سرپرستی حاصل رہی ہے۔ مزید یہ کہ، اس اقدام کا تعلق اسلامی تعاون تنظیم کے اس فیصلے سے بھی ہے جس میں ان دستاویزات کو نافذ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ اس کے علاوه یہ اقدام مکہ مکرمہ میں 9/7/1445ھ کو مفاہمتی یاد داشتوں کے تحت طے پانے والے معاہدوں کا تسلسل ہے جو رابطہ عالم اسلامی اور اسلامی تعاون تنظیم کے سيكرٹری جنرلز اور بین الاقوامی اسلامی فقہ اکیڈمی اور اسلامی فقہ اکیڈمی کے سیکرٹری جنرلز کے درمیان طے پائے تھے۔
اس پروگرام کا آغاز ”مسلم معاشروں میں بچیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع“ کے موضوع پر عالمی کانفرنس کے تحت ہوگا۔ یہ کانفرنس 11 اور 12 جنوری 2025 کو وزیراعظم پاکستان کے آفس اور رابطہ عالم اسلامی کی شراکت سے منعقد ہوگی، جس میں عالمی اداروں، حکومتوں، اسلامی تنظیموں، معروف مذہبی، فکری اور میڈیا شخصیات، اور دنیا بھر کے سماجی کارکنوں کی وسیع شرکت متوقع ہے ۔
یہ کانفرنس، مسلم معاشروں کی ترقی کے لیے رابطہ عالم اسلامی کی بڑی ذمہ داری کے احساس کا مظہر ہے۔ اس کا مقصد، اسلامی تعلیمات کے حقیقی مفہوم کے مطابق بچیوں کی تعلیم کو فروغ دینا، اس راہ میں حائل رکاوٹوں کا حل تلاش کرنا، اور اس حوالے سے پائے جانے والے غلط تصورات کا خاتمہ کرنا ہے۔ یہ کانفرنس، دنیا کو یہ پیغام دینے کا ذریعہ بھی ہوگی کہ اسلام، علم، تہذیب اور اخلاقیات کا مذہب ہونے کے ناطے، بچیوں کی تعلیم کو ممکن بنانے والی تمام قانونی اور پیشہ ورانہ کوششوں کی حمایت کرتا ہے، اور ایسی تمام تشریحات یا روایات جو تعلیم میں رکاوٹ ڈالتی ہیں، اسلام کے اصولوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
کانفرنس کے دوران، مختلف قابل عمل منصوبے اور اقدامات پیش کیے جائیں گے، جو مسلم معاشروں میں بچیوں کی تعلیم کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے رہنمائی فراہم کریں گے۔ اس کا مقصد خواتین کو ان کے فرائض اور حقوق کے مطابق معاشرے کی تعمیر اور ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ یہ سب مذکورہ بالا دستاویزات میں موجود اسلامی اصولوں کی روشنی میں کیا جائے گا، جنہیں عملی شکل دینا رابطہ عالم اسلامی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
Wednesday, 11 December 2024 - 23:12