رابطہ عالم اسلامی نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی ریاست کے قیام اور اس کے دارالحکومت کے طور پر ”مشرقی القدس“ کی ناگزیر حیثیت پر اپنے ثابت قدم اور غیر متزلزل مؤقف کے اعادے کو سراہاہے ۔

مکہ مکرمہ:

رابطہ عالم اسلامی نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی ریاست کے قیام اور اس کے دارالحکومت کے طور پر ”مشرقی القدس“ کی ناگزیر حیثیت پر اپنے ثابت قدم اور غیر متزلزل مؤقف کے اعادے کو سراہاہے ۔

رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے کہا کہ مملکت سعودی عرب کا فلسطینی کاز سے وابستہ مؤقف اس کے اٹل اصولوں اور ثابت شدہ اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے تمام مسلم اقوام کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان – حفظہما اللہ – کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نازک وقت میں، جب حالات مختلف رخ اختیار کر رہے ہیں، مملکت کا  غير متزلزل موقف  کسی سودے بازی یا  سیاسی مفادات کا شکار نہیں ہوا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مؤقف سعودی عرب کی ان دیرینہ اصولی اقدار سے جڑا ہے، جو اس کی اسلامی، عربی، اور عالمی قیادت کے تناظر میں اس کے ضمیر میں رچی بسی ہیں۔ یہ فلسطینی عوام کے حق میں ایک جائز اور برحق حمایت ہے، جو مملکت کی گہری اور مستحکم پالیسی کی ترجمانی کرتی ہے۔

بیان کے اختتام پر، ڈاکٹر العیسی نے دعا کی کہ اللہ تعالی خادم حرمین شریفین اور ان  کے ولی عہد کو بہترین اجر عطا فرمائے، جو ہمیشہ فلسطینی عوام کے اس حق پر زور دیتے  رہے ہیں کہ وہ اپنی آزاد اور خود مختار ریاست میں، جس کا دار الحکومت ”مشرقی القدس“ ہو، امن وعزت کے ساتھ زندگی بسر کریں  اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی سفارتی تعلق کو اس بنیادی شرط سے مشروط رکھنے کے موقف پر قائم ہیں۔

Wednesday, 5 February 2025 - 14:08