مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے نائیجر کے مغربی گاؤں میں مسجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں اس بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس جرم کے مرتکبین نے نہ انسانی اقدار کا احترام کیا، نہ انسانی جان کی حرمت کا لحاظ رکھا، اور نہ ہی عبادت گاہوں کی تقدیس کو ملحوظ رکھا۔رابطہ نے ہر طرح کی دہشت گردی اور تشدد کی تمام صورتوں اور جوازوں کو مسترد کرنے کے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر نائیجر اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے، ان کے امن و استحکام کو لاحق ہر خطرے کے خلاف ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔ رابطہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے، پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔
Sunday, 23 March 2025 - 23:01