مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان اور جمہوریہ ہندکے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے دونوں ہمسایہ ممالک کی قیادت کے اس مثبت اور دانشمندانہ موقف کو سراہا، جس میں انہوں نے حکمت، سفارت کاری اور قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے فتنے کو بجھایا اور اختلافات کے حل کے لیے مکالمے کا راستہ اختیار کیا۔
ڈاکٹر العیسی نے دونوں ملکوں کی طرف سے جنگ بندی کے لیے کی گئی مثبت اور فوری پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف اس خطرناک تنازعے کے اثرات سے بچاؤ ممکن ہوا، بلکہ دونوں اقوام کے امن و استحکام کی راہ بھی ہموار ہوئی۔انہوں نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ رابطہ ، ایسی تمام کوششوں کی مکمل تائید کرتا ہے جو دونوں ہمسایہ اقوام کے درمیان امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کا ذریعہ بنیں۔
Sunday, 11 May 2025 - 10:58