مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے آج جاری کردہ ایک بیان میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کی آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی کی اس رپورٹ کی تعریف کی ہے جس میں اسرائیلی قابض حکومت کی افواج پر غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی جیسے انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
بیان میں کمیٹی کی سربراہ، نیوی پیلے کے اس بیان کی تائید کی گئی ہے کہ: ”ہمیں اس بات کے بڑھتے ہوئے شواہد مل رہے ہیں کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینی زندگی کو مٹانے کے لیے ایک منظم مہم چلا رہا ہے۔ اسرائیل کا فلسطینی عوام کی تعلیمی، ثقافتی اور مذہبی زندگی کو نشانہ بنانا موجودہ اور آنے والی نسلوں کو نقصان پہنچائے گا اور خود مختاری کے ان کے حق میں رکاوٹ بنے گا“۔
رابطہ کے بیان میں کمیٹی کے اس نتیجے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے”جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے، جس میں شہریوں پر حملے اور تعلیمی اداروں پر حملوں میں دانستہ طور پر قتل عام کرنا شامل ہے جس کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں ہوئیں“۔ بیان میں کمیٹی کی اس رپورٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ”اسکولوں اور مذہبی مقامات پر پناہ لینے والے شہریوں کو ہلاک کرکے اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے نسل کشی جیسا انسانیت کے خلاف جرم کیا ہے“۔
رابطہ نے اپنے بیان میں کمیٹی کی جانب سے دستاویزی شواہد کی اہمیت اور حساسیت کا بھی ذکر کیا ہے کہ غزہ میں 90 فیصد سے زیادہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں کی عمارتوں کو فضائی حملوں، بمباری، آگ لگانے اور دانستہ مسماری کے ذریعے تباہ کر دیا گیا ہے، جس سے بچوں، نوجوانوں کی تعلیم اور اساتذہ کے روزگار کے حالات ناممکن ہو گئے ہیں اور غزہ میں 658,000 سے زیادہ بچے 21 ماہ سے تعلیم سے محروم ہیں۔
بیان میں کمیٹی کی جانب سے کئی تعلیمی اداروں کو اسرائیلی افواج کے ہاتھوں جلائے اور مسمار کیے جانے کے واقعات کی دستاویزی اور تحقیقات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، اور یہ کہ قابض فوجیوں نے اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو تباہ کرنے سے پہلے فلسطینیوں اور فلسطینی تعلیم کا مذاق اڑاتے ہوئے ویڈیوز بنا کر شیئر کیں۔
اس کے علاوہ، کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ ”انہیں اس بات کے ناقابل تردید ثبوت ملے ہیں کہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے تعلیمی اداروں پر قبضہ کر کے انہیں فوجی اڈوں یا اپنی فوجی سرگرمیوں کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کیا ہے، بشمول انہیں فوجیوں کے لیے یہودی عبادت گاہ میں تبدیل کرنا“۔
رابطہ کے بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ، چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے ان اقوام متحدہ کی جانب سے مستند و مصدقہ ان ہولناک اسرائیلی جرائم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی، اور انہیں بین الاقوامی قوانین، انسانی اقدار اور عالمی ضوابط کی کھلی اور مسلسل خلاف ورزیاں قرار دیا۔
ڈاکٹر العیسی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان سنگین جرائم اور وحشیانہ مظالم کے خلاف فوری، مؤثر اور سخت موقف اختیار کرے، اور اپنی قانونی و اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ المناک سانحہ، جو اس وقت فلسطینی عوام پر بیت رہا ہے، اپنی نوعیت کا ایک بے مثال انسانی المیہ بن چکا ہے، اور پوری انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ بن رہا ہے، جبکہ یہ سب کچھ دنیا کی نظروں کے سامنے ہو رہا ہے۔
Wednesday, 11 June 2025 - 23:22