مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے بزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں بحرینی ڈیوٹی فورس کے دو فوجی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔یہ فوجی یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کے لئے کاروائیوں کے حصے کے طور پر مملکت سعودی عرب کی جنوبی سرحدوں کا دفاع کررہے تھے۔
رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں مملکت بحرین کی قیادت،عوام اور شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالی سے شہداء کے لئے مغفرت اور رحمت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔
رابطہ نے اس وحشیانہ کاروائی سے یمن میں جاری بحران کے خاتمے اور ایک ایسے سیاسی حل تک پہنچنے کے لئے جاری کوششوں کو نقصان پہنچنے کے خطرے سے خبردار کیا ہے جو یمنی عوام کی امنگوں پر پورا اترتا ہو۔
Tuesday, 26 September 2023 - 12:52