پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت
مکہ مکرمہ: رابطہ عالم اسلامی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کےصوبہ بلوچستان میں ہونے والے دودہشت گرد حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جن میں بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے رابطہ کے اس اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مسترد اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر العیسی نے رابطہ اس کی اکیڈمیز،ادارہ جات اور عالمی کونسلز کی جانب سے اس المناک سانحے پر پاکستان اور اس کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔ ڈاکٹر العیسی نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ اور تمام پاکستانی عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالی سے دعا کی ہے وہ مرحومین کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطافرمائے، زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے اور پاکستانی عوام کو ہر برائی سے محفوظ فرمائے۔
Thursday, 8 February 2024 - 21:09