سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے دار الحکومت سرائیوو میں پارلیمنٹ ہاؤس میں بوسنیا اور ہرزیگووینا کی پارلیمنٹ کے موجودہ اسپیکر اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹر ڈینس زویزڈک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بوسنیا کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔
ڈاکٹر العیسی نے اس موقع پر بوسنیا کی قیادت اور عوام کے بہتر مستقبل کے لئے ان کی خواہش اور اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے رابطہ کی خواہش پر زور دیا جس کے لئے رواداری، بقائے باہمی اور امن کو فروغ دینے کے لئے”سرائیوو اعلامیہ“ ایک اہم آغاز ہے۔ یہ تمام علاقائی تنوع سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو اظہار خیال، ملک کے مستقبل کے لئے اپنی خواہشات کا اظہار اور پارلیمان کے اندر اپنی آواز پہنچانے کا موقع فراہم کرتاہے۔
ایوان نمائندگان کے سپیکر نے کہاکہ سرائیوو ہمیشہ سے ایک کثیر الثقافتی، کثیر تہذیبی اور کثیر مذہبی شہر رہا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے ”سرائیوو اعلامیہ“ کی عظیم کامیابی اور بلقان اور یورپی براعظم میں اس کے مضبوط اثرات کی جانب بھی اشارہ کیا۔
Thursday, 15 February 2024 - 12:23