مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے شدید الفاظ میں اسرائیلی قابض حکومت کے اُس منصوبے کی مذمت کی ہے جس کے تحت حرمِ ابراہیمی شریف کی انتظامی ونگرانی کی ذمہ داری فلسطینی وزارتِ اوقاف ومذہبی امور اور بلدیہ الخلیل سے لے کر ایک آبادکار کونسل کے سپرد کی جا رہی ہے جو نہ صرف تمام متعلقہ بین الاقوامی قوانین اور روایات کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ مقدساتِ اسلامی پر متواتر حملوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کی سنگین توہین کے تسلسل کا حصہ بھی ہے۔
اسی طرح، رابطہ نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ میں واقع ”دیر اللاتین “ پر کیے گئے حملے کی بھی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اسرائیلی قابض حکومت کی فلسطینی عوام کی زندگی، عزت اور مقدسات کی مسلسل توہین اور ان کے خلاف اختیار کیے گئے جارحانہ طرزِ عمل کی شدید مذمت کی۔
ڈاکٹر العیسی نے اس امر پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اس ظلم کے خلاف اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے فوری اور سنجیدہ موقف اختیار کرنا چاہیے، تاکہ قابض اسرائیلی حکومت کے ہاتھوں معصوم شہریوں، شہری تنصیبات اور عبادت گاہوں پر جاری ان وحشیانہ حملوں کو روکا جا سکے اور بین الاقوامی قانونی طریقہ کار کے ذریعے ان جرائم کے مرتکبین کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
Thursday, 17 July 2025 - 23:42