سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے کابل میں وزیراعظم ہاؤس کے سیکیورٹی کونسل کے مرکزی دفتر میں افغانستان کے وزیر خارجہ، مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں اسلامی یکجہتی، اسلام کی اصل تصویر، عدل وحقوق کے فروغ، اس کی اعتدال پسندی اور عالمگیر رحمت کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر قرآنِ کریم، سنتِ نبوی اور سیرتِ طیبہ کی روشنی میں اسلام کی حقیقی رواداری اور اس کے انفرادی واجتماعی رویّوں پر اثرات کو نمایاں کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں ان اہم مقاصد کے حصول میں درپیش چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا، بالخصوص موجودہ دور کے تناظر میں:
• ان میں سرفہرست مختلف اہم اور عمومی مسائل میں اجتہادی تضادات تھے، جن میں امت میں اتفاق رائے پیدا کرنا ناگزیرہے۔
اسی سیاق میں میثاق مکہ مکرمہ اور ”اسلامی مکاتب فکر کے درمیان پلوں کی تعمیر“ جیسے چارٹرز کے مندرجات کو سراہا گیا، اور اس میدان میں رابطہ کی ”اسلامی فقہ کونسل“ کے مؤثر کردار پر روشنی ڈالی گئی، جو کہ قدیم ترین فقہی اداره ہے اور امتِ مسلمہ کے جملہ مفتیانِ کرام اور جید علماء کو یکجا کرتا ہے۔
• اسی طرح اُن رسوم وروایات سے متعلق چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی، جو بعض مسلم معاشروں میں رائج اور شریعت سے متصادم ہیں — خواہ وہ داخلی سطح پر ہوں یا بیرونی دنیا میں۔ اس کے سدِّباب کے لیے حکمت ونرمی سے نصیحت، شرعی شعور کی ترویج، اور اُن خلاؤں سے فائدہ اٹھانے والوں کو — خواہ دانستہ ہوں یا نادانستہ — اسلام کو بدنام کرنے اور ”اسلاموفوبیا“ جیسے نظریات کو ہوا دینے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
شیخ العیسی نے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جنگ میں افغان حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔
Tuesday, 22 July 2025 - 18:49