رابطہ عالم اسلامی نے جمہوریہ سوڈان میں عالمی ادارۂ خوراک کی گاڑیوں پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جو مذہبی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، جبکہ سوڈانی عوام پہلے ہی جنگ کے تباہ کن اثرات اور اس کی ہولناکیوں سے شدید متاثر ہیں۔

مکہ مکرمہ

رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عام شہریوں، امدادی اداروں اور ان کے کارکنان کو نشانہ بنانا نہایت افسوسناک عمل ہے۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ متعلقہ بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کی جائے، ”اعلانِ جدہ“ میں درج شہریوں کے تحفظ کی ضمانت پر سختی سے عمل ہو، اور امدادی سامان کی گزرگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
رابطہ نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس کڑے وقت میں سوڈان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ساتھ ہی تمام فریقوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ملک کے اعلیٰ تر مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سنجیدہ اور مؤثر مکالمے کا راستہ اختیار کریں اور ”جدہ مذاکرات“ کے نتائج کی مکمل پاسداری کریں، تاکہ ایک جامع سیاسی حل تک پہنچا جا سکے جو سوڈان کی وحدت کی ضمانت دے اور اس کے عوام کی امنگوں کو پورا کرے۔
 
جمعہ, 22 August 2025 - 15:17