مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر بمباری اور مواصی خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے کو نشانہ بنانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے ان بھیانک جرائم پر گہری تشویش اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قابض حکومت غزہ میں عام شہریوں اور شہری تنصیبات پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے، اور افسوس ناک امر یہ ہے کہ اسے روکنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے، اور قابض حکومت کی جنگی مشین کے خلاف فوری اور سنجیدہ موقف اختیار کرے، جو اپنی جارحیت، ظلم اور فلسطینی عوام کی جان و حقوق کی پامالی میں تمام حدود پار کر چکی ہے۔
منگل, 26 August 2025 - 14:22