رابطہ عالم اسلامی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آج کے فیصلے کو نہایت قدر وتحسین کی نگاہ سے سراہا ہے، جس کے تحت ”اعلانِ نیویارک“ کو بھاری اکثریت سے منظور کیا گیا

مکہ مکرمہ

رابطہ عالم اسلامی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آج کے فیصلے کو نہایت قدر وتحسین کی نگاہ سے سراہا ہے، جس کے تحت ”اعلانِ نیویارک“ کو بھاری اکثریت سے منظور کیا گیا۔ یہ اعلان اُس بین الاقوامی اعلیٰ سطحی کانفرنس سے جاری ہوا تھا، جو مسئلہ فلسطین کے پُرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ کے لئے منعقد ہوئی تھی، اور جس کی میزبانی وصدارت مملکتِ سعودی عرب نے جمہوریہ فرانس کے اشتراک سے کی۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس تاریخی فیصلے پر مملکتِ سعودی عرب، پوری عرب واسلامی امت اور دنیا کی تمام انصاف وامن پسند ریاستوں کو دلی مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حق، عدل اور بین الاقوامی قانون کی فتح ہے اور فلسطینی جدوجہد میں ایک فیصلہ کن موڑ کی حیثیت رکھتاہے، جو فلسطینی عوام کے تاریخی وقانونی حق کو مزید تقویت بخشتا ہے۔
ڈاکٹر العیسی نے اسلامی عوام کی جانب سے رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مملکت سعودی عرب کے ثابت قدم اور اصولی مؤقف کو سراہنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص اُس مسلسل اور کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کیا جو خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں، اور ولی عہد ووزیراعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود (حفظہما اللہ) کی بھرپور سرپرستی میں مملکت نے ادا کیا ہے۔ یہ کردار دو ریاستی حل کے نفاذ کے لئے بین الاقوامی اتحاد کے آغاز، مشترکہ عرب واسلامی وزارتی کمیٹی کی قيادت، اور بالآخر جمہوریہ فرانس کے اشتراک سے منعقدہ اس کانفرنس کی سرپرستی وصدارت پر مشتمل ہے جس نے مسئلہ فلسطین کے پُر امن اور منصفانہ حل کی راہ ہموار کی۔ اسی کانفرنس کے اختتامی اعلامیہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے آج ایک تاریخی قرارداد کے ذریعے کثرتِ رائے سے منظور کیا۔
 

سنیچر, 13 September 2025 - 12:24