#رابطہ_عالم_اسلامی کی جانب سے جاری بیان:

مکہ مکرمہ

رابطہ  عالم اسلامی نے قطر میں منعقدہ ہنگامی عرب واسلامی سربراہی اجلاس کے اعلامیے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔ یہ اجلاس اسرائیل کی جانب سے ریاستِ قطر پر حملے کے پس منظر میں آج دوحہ میں منعقد ہوا۔

رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس امر کو سراہا کہ سربراہی اجلاس اور اس کے اعلامیے میں ریاستِ قطر کے خلاف جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے یکجہتی اور اتحاد کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس جارحیت کو تمام عرب واسلامی ممالک پر حملہ تصور کیا گیا ہے اور کسی بھی بہانے سے اسے جواز فراہم کرنے کی کوششوں کو یکسر مسترد کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر العیسی نے کہا کہ اجلاس کی قراردادیں اسرائیل کی ان پالیسیوں کو بے نقاب کرتی ہیں جنہوں نے خطے میں امن کے تمام امکانات ختم کر دیے ہیں۔ ان پالیسیوں میں جارحانہ رویہ، نسل کشی کے جرائم، نسلی تطہیر، بھوک اور محاصرہ، توسیع پسندانہ عزائم اور غیر قانونی بستیوں کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ یہاں تک کہ قطر کی سرزمین پر حملہ کر کے اُس نے غزہ میں جنگ بندی اور امن قائم کرنے کے لئے جاری ایک بڑی سفارتی کوشش کو سبوتاژ کر دیا۔ یہ اقدام خطرناک اشتعال انگیزی اور امن کی بحالی کی سفارتی کوششوں پر براہِ راست حملہ ہے۔

انہوں نے اس پہلو کو بھی نہایت اہم قرار دیا کہ اجلاس نے اسرائیلی حکومت کے اُس گمراہ کن بیانیے کو مسترد کر دیا ہے جو ”اسلاموفوبیا“ کو فروغ دے کر اپنی خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی قوانین سے انحراف کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے، اور عرب واسلامی ممالک کا تشخص مجروح کرتا ہے۔

ڈاکٹر العیسی نے اس امر کو بھی سراہا کہ اجلاس کے اعلامیے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے ”اعلانِ نیویارک“ کی منظوری کا خیرمقدم کیا گیا، جو دو ریاستی حل کے نفاذ اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق ہے، اور جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لئے بین الاقوامی عزم کا واضح ثبوت ہے۔ اس موقع پر مملکتِ سعودی عرب اور جمہوریہ فرانس کی ان کاوشوں کو بھی سراہا گیا جن کے ذریعے اس اعلان کی منظوری ممکن ہوئی۔ مزید یہ کہ 22 ستمبر 2025 کو نیویارک میں دو ریاستی حل پر کانفرنس کے سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں انعقاد کا خیرمقدم کیا گیا، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ عالمی برادری متحد ہو کر آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو، کے وسیع پیمانے پر اعتراف کو یقینی بنائے۔

منگل, 16 September 2025 - 09:21