رابطہ عالم اسلامی کی اسلام آباد کچہری خود کش حملے کی شدید مذمت
مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ضلع کچہری کے احاطے میں خود کش دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں درجنوں قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور المناک ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ رابطہ عالم اسلامی کسی بھی شکل یا جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو مکمل طور پر مسترد اور مذمت کرتی ہے، اور اس سلسلے میں اپنا غیر متزلزل مؤقف برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ڈاکٹر العیسی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی پاکستان کے امن واستحکام کے خلاف کسی بھی خطرے کے مقابلے میں اس کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو اپنی واسع رحمت میں جگہ عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے، اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ نصیب فرمائے۔
منگل, 11 November 2025 - 20:35