مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے سخت ترین الفاظ میں اُن مجرمانہ حملوں اور پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کی ہے جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آباد کاروں اور پولیس فورس کی جانب سے عام شہریوں، ان کے بنیادی وسائلِ زندگی اور مذہبی مقدسات کے خلاف جاری ہیں۔ تازہ ترین واقعات میں سلفیت گورنری میں آباد کاروں کی جانب سے مسجد کو نذرِ آتش کرنا، اور مقبوضہ بیت المقدس میں ایک چرچ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مسیحی شہریوں پر اسرائیلی پولیس کا حملہ شامل ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے ان مجرمانہ کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات آبادکاروں اور پولیس کی جانب سے شہریوں، اُن کے املاک اور اُن کے مقدسات پر مسلسل حملوں کے اُس جارحانہ طرزِ عمل کی عکاسی کرتے ہیں، جسے قابض حکومت کی سرپرستی اور سرکاری تحفظ حاصل ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے بھرپور مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے فوری اور سنجیدہ اقدام کرے، اس مجرمانہ تسلسل کو روکے، اس کے تدارک کے لیے سخت عملی میکانزم فعال کرے، اور اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچائے۔
جمعہ, 14 November 2025 - 11:37