مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیویارک میں، مملکت سعودی عرب اور جمہوریہ فرانس کی شراکت سے وزارتی سطح پر منعقدہ ”فلسطین کے مسئلے کے پُرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ“سے متعلق اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی اعلامیے کو انتہائی فخر کے ساتھ سراہا ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے مملکت سعودی عرب، تمام عربی واسلامی اقوام اور دنیا کی تمام انصاف پسند وامن دوست اقوام کو اس تاریخی کانفرنس کی شاندار کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایک نئے تاریخی مرحلے کی نمائندگی کرتی ہے، جس نے اس دیرینہ مسئلے سے متعلق بین الاقوامی قراردادوں پر عمل درآمد کی سمت ایک اہم اور مؤثر قدم اٹھایا۔ اس کے غیر معمولی نتائج میں دنیا کے متعدد بااثر ممالک کی جانب سے ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلانات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ”یہ نازک مسئلہ غیر معمولی حکمت، مہارت اور عالمی تفاعل کا متقاضی تھا۔ مملکت سعودی عرب نے اس میں ایک فعال اور فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے عالمی اجتماعی کوششوں کو مؤثر انداز میں مربوط کیا اور دو ریاستی حل کی طرف بین الاقوامی ردعمل کو مؤثر طور پر متحرک کیا۔ اس کانفرنس کے اختتامی اعلامیے نے مسئلۂ فلسطین کے پُرامن حل کی امید کو از سر نو تازگی بخشی اور ایک واضح روڈ میپ پیش کیا، جو متعین مدت میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل فراہم کرتا ہے۔ اس میں فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق کی ضمانت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی سرزمین پر باوقار زندگی گزار سکیں“۔
اس موقع پر، ڈاکٹر العیسی نے ایک بار پھر مسئلۂ فلسطین کے حوالے سے مملکتِ سعودی عرب کے مستقل اور واضح مؤقف، اور اس کی قیادت میں جاری پُرعزم کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خادمِ حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی مدبرانہ قیادت اور ولی عہد ووزیرِ اعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود -حفظہما اللہ-کی فعال نگرانی میں كی جانے والی ان پُر عزم اور نتیجہ خیز کوششوں کی بھرپور تحسین کی جو فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لئے کی جا رہی ہیں۔ ان کوششوں میں سعودی عرب کی جانب سے عالمی سطح پر دو ریاستی حل کی حمایت میں بین الاقوامی اتحاد کی تشکیل، عرب واسلامی وزارتی کمیٹی کی قیادت، اور اس حالیہ تاریخی بین الاقوامی کانفرنس کی سرپرستی وصدارت شامل ہیں، جس میں دنیا بھر سے اعلیٰ ترین سطح کی شرکت نے اسے غیر معمولی حیثیت عطا کی۔
Thursday, 31 July 2025 - 19:27