رابطہ عالم اسلامی کا سوڈان میں قحط سے متعلق اقوامِ متحدہ کی لرزہ خیز رپورٹس پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار
مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے سوڈان میں انسانی المیے اور قحط کے بارے میں اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والی چونکا دینے والی رپورٹس پر گہرے دکھ اور شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یہ رپورٹس ریپڈ سپورٹ فورسز کے شہر الفاشر پر قبضے کے بعد سامنے آئی ہیں۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا: “قحط اب سوڈان میں پوری عالمی برادری کی آنکھوں کے سامنے واقع ہو رہا ہے اور یہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں دوسری مرتبہ ہے، جیسا کہ غذائی تحفظ کے مرحلہ وار درجہ بندی کے نظام (IPC) نے فاشر اور کادُقلی کے حوالے سے اعلان کیا ہے“۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلان دراصل بین الاقوامی برادری کے نام ایک فوری اور نہایت اہم انتباہ ہے، جس کے تحت سوڈانی عوام کو بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ ڈاکٹر العیسی نے اس بات پر زور دیا کہ مجرمانہ عناصر کو بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں اور ”اعلانِ جدہ“ میں شہریوں کے تحفظ سے متعلق دفعات کی مکمل پاسداری پر مجبور کیا جائے، اور امدادی سامان کی بلا تاخیر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی: ”اللہ تعالیٰ سوڈان کے ہمارے بھائیوں کی مصیبت جلد دور فرمائے اور ہر ظالم و جابر کو رسوا کرے“۔
منگل, 4 November 2025 - 21:40