رابطہ عالم اسلامی کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے کا خیرمقدم

رابطہ عالم اسلامی کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے کا خیرمقدم

مکہ مکرمہ:

رابطہ عالم اسلامی نے بین الاقوامی عدالتِ انصاف کی اس مشاورتی رائے کو سراہا ہے جس میں عدالت نے قابض اسرائیلی حکومت کی بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اُن ذمہ داریوں کی دوبارہ توثیق کی ہے جو اسے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ادا کرنی چاہئیں۔ ان میں بالخصوص فلسطینی عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانا، شہری آبادی کو بھوک کا شکار بنانے کو بطورِ ہتھیار استعمال کرنے کی ممانعت، جبری نقل مکانی اور بے دخلی کی حرمت، اور امدادی سرگرمیوں کی سہولت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اداروں، خصوصاً اقوامِ متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی ایجنسی (اونروا) کے ساتھ تعاون شامل ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے عالمی برادری سے اس مطالبے کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے قابض اسرائیلی حکومت کو بین الاقوامی قوانین اور عالمی قراردادوں کی پابندی کا پابند بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے ان رویوں کو روکا جائے جو مسلسل فلسطینی عوام کی جان، عزت اور ان کے جائز حقوق کو پامال کر رہے ہیں، اور جو انسانی اقدار، قوانین اور بین الاقوامی روایات کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔

جمعہ, 24 October 2025 - 00:38